23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومزرعی خبریںپھولوں کے ساتھ گاجر بوٹی کا استعمال انسانی صحت کیلئے مضرہے، ماہرین...

پھولوں کے ساتھ گاجر بوٹی کا استعمال انسانی صحت کیلئے مضرہے، ماہرین جامعہ زرعیہ

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی):شادی بیاہ و دیگر تقریبات میں پیش کئے جانے والے پھولوں کے گلدستے اور بکٹس میں پھولوں کے ساتھ گاجر بوٹی کا استعمال انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب کر رہا ہے لہٰذا پھول فروخت کرنے والے افراد تازہ آرائشی پھولوں، گلدستوں اور استقبالیہ بکٹس میں گاجر بوٹی کا استعمال فوری ترک کر دیں۔

گاجر بوٹی کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسزجامعہ زرعیہ فیصل آباد، انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن و رورل ڈویلپمنٹ و کیبی کے ماہرین نے بتایا کہ بدقسمتی سے پھول بیچنے والوں کی اکثریت گاجر بوٹی کے مضراثرا ت سے ناواقف ہے لہٰذا ان کی کوشش ہوگی کہ پہلے مرحلے میں ان کا سروے مکمل کرکے اس کاروبار سے منسلک افراد کیلئے آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ خود کو اس کے استعمال سے دور رکھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ گاجر بوٹی کی جڑ سے پھول اور پتوں تک تمام حصے انسانی و حیوانی صحت کیلئے نقصان دہ ہیں لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ لٹریچر سے ناواقف حکیموں کی طرف سے اس کا شوگر و دوسری بیماریوں کیلئے اندھا دھند استعمال انسانی صحت کو نئے چیلنجز سے دوچار کر سکتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ تین دہائیاں قبل غیرملک سے آئی یہ گاجر بوٹی تیزی سے وسیع رقبے کو اپنے زیراثرلے رہی ہے اسلئے ضروری ہے کہ اس کے فوری سدباب کیلئے کمیونٹی کی سطح پر مربوط کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ برسوں میں الرجی، خارش اور چنبل جیسی بیماریوں میں اضافہ کی بڑی وجہ بھی گاجر بوٹی ہے لہٰذا اس کا ہرسطح پر تدارک انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران پھول بیچنے والے فلاور سپاٹس پر اس کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس کے استعمال کو روکنے کیلئے یونیورسٹی کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ گاجر بوٹی کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415313

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں