پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی نامیاتی مادہ سے بھرپور ذرخیز میرازمین کے انتخاب کی ہدایت

Department of Agriculture
Department of Agriculture

فیصل آباد۔5جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی نامیاتی مادہ سے بھرپور زرخیز میرازمین کے انتخاب کی ہدایت کی ہے اور بتایاہے کہ پھول گوبھی غذائیت سے بھر پور ریشہ دار سبزی ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس، شوگر، سوڈیم، وٹامنز، نمکیات، فیٹی ایسڈ اور امائنو ایسڈ وغیرہ شامل ہیں نیز پھول گوبھی وٹامن سی، مینگا نیز، بیٹا کیروٹین اور فیرولک ایسڈ کا اچھا ذریعہ ہونے کی وجہ سے دل اور کینسر جیسی بیماریوں کے خطرہ کو کم کرتی ہے۔

علاوہ ازیں اس میں وٹامن کے اور اومیگا 3، فیٹی ایسڈز کی وافر مقدار کی موجودگی، معدے کے کینسر، جوڑوں کی سوزش، موٹاپا اور ذیا بیطس کی بیماریوں کے خطرہ کی کم کرنے میں مدددیتی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد اقبال نے کہاکہ پھول گوبھی سرد مرطوب آ ب وہوا میں اچھی پیداوار دیتی ہے اورپھول گوبھی کیلئے مناسب درجہ حرارت 17سے18ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن پکنے کے وقت اگر درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجائے تو اس کی نشوونما پر برااثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جائے تو سبز پتیاں نکل آتی ہیں جس سے پھول کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی نامیاتی مادہ سے بھر پور زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہاکہ پھول گوبھی کی اعلیٰ کوالٹی کے حصول کیلئے منتخب کردہ زمین آبپاشی کیلئے پانی ہر لحاظ سے موزوں ہواور یہ پھپھوند ی والی بیماریوں سے پاک ہو۔انہوں نے کہاکہ موسمی حالات پھول گوبھی پر بہت جلد اثرانداز ہوتے ہیں لہٰذا مختلف موسموں میں مختلف اقسام ہی کاشت کرنی چاہیے ورنہ اچھی پیداوار حاصل نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ اگیتی گوبھی نمبر 1 اور 2 پنیری کی کاشتہ پنیری کوجولائی کے آخرمیں کھیت میں منتقل کریں تاکہ ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے شروع میں اس کی اگیتی برداشت حاصل کی جاسکے۔ اسی طرح اگیتی اور درمیانی اقسام کی پنیری 35سے40دنوں میں جبکہ پچھیتی اقسام سے 35دنوں میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پھول گوبھی کی پنیری کی منتقلی سے ایک ماہ پہلے کھیت میں 15سے 20 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھادڈال کر آبپاشی کردیں اور داب کے طریقہ سے جڑی بوٹیوں کو کنٹرول کریں۔