اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):معروف سیاحتی ماہر اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر سلمان جاوید نے کہا ہے کہ ہمیں انٹرنیشنل مائونٹین ڈے پرماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے کا عہد کرنا چاہیے اور اس سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائیں ۔
انٹرنیشنل مائونٹین ڈے کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں واقع پہاڑ حیاتیاتی تنوع سے مالا مال ہیں، لیکن ایک دم سے بڑھتی ہوئی مقامی سیاحت، فضلہ تلف کرنے میں بدانتظامی اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ان کا تنوع متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ ماحول دوست طرز عمل جیسے مختص کیمپنگ سائٹس، زرعی جنگلات اور ماحول دوست انفراسٹرکچر کی تعمیر انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پہاڑوں میں تحفظ کی کوششوں کے لیے ماحولیاتی فیس متعارف کروانے کا مشورہ دیا
اس کے علاوہ انہوں نے کمیونٹی کی شمولیت، گرین انفراسٹرکچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔سلمان جاوید نے مزید کہا کہ یہ اقدامات پائیدار پہاڑی سیاحت کو فروغ دیں گے، قدرتی حسن کی حفاظت کریں گے، پائیدار معاش فراہم کریں گے اور پاکستان کو ذمہ دارانہ سیاحت کے میدان میں عالمی رہنما کے طور پر پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مائونٹین سپورٹس کافی مہنگا شوق ہے مگر چونکہ شوقین لوگ پیسہ خرچ کرتے ہیں، اس لیے رائلٹی میں مناسب اضافہ اور پہاڑی روٹس کو روٹیشنل بنیادوں پر ٹھیکہ دینا آمدنی بڑھانے کا ذریعہ بنے گا جسے عوامی بہبود پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پہاڑوں کی صفائی مہمات کی حوصلہ افزائی کرنے، آلودگی پھیلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور آلودگی کے ذمہ داروں کے لیے رابطہ افسران کو جوابدہ بنانے کی تجاویز بھی دیں۔