نئی دہلی ۔28اپریل (اے پی پی):بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سخت سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجے ودتیوار نے مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیاکہ پہلگام واقعہ کی ذمہ داری کس کی ہے؟ یہ ذمہ داری تو سرکار کو لینی چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ پہلگام حملے میں مودی سرکار کی ناکامی اور انٹیلی جنس فیلیئر پر کوئی بات نہیں کرتا۔پہلگام واقعے میں27لوگوں کی جان گئی،بھارتی سکیورٹی فورسز کہاں تھیں؟ وجے ودتیوارنے مزیدکہا کہ حملہ آور200کلومیٹر تک اندر گھس آئے، بھارتی انٹیلی جنس کیا کر رہی تھی؟
انہوں نے کہاکہ میڈیا کو بتایاگیا کہ دہشتگردوں نے مذہب پوچھ کر سیاحوں کو مارا۔انہوں نے سوال کیاکہ کیا دہشتگرد کے پاس اتنا وقت ہوتا ہے کہ وہ پوچھے تمہارا مذہب کیا ہے؟کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے مزیدکہاکہ ان باتوں کا مقصد صرف عوام کو بیوقوف بنانا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589235