لاہور۔16جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پرصوبائی دارالحکومت لاہور میں پہلی بائیکر لین کے قیام کے لئے ایل ڈی اے کا بائیکر لین پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے فیروز پور روڈ پر بائیکر لین کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کنٹریکٹر نے کربر اور پینٹ کے جاری کاموں بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فیروز پور روڈ کینال سے لاہور برج تک دونوں اطراف کل10 کلومیٹر بائیکر لین پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بائیکر لین سے موٹر سائیکل و سائیکل سوار مستفید ہونگے۔شہریوں کے تعاون سے بائیکر لین کے کلچر کو پروموٹ کیا جائے گا۔ شہریوں کو ٹریفک روانی میں مدد ملے گی، حادثات میں بھی کمی ہو گی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ بائیکر لین 12 فٹ چوڑی بنے گی،ماحول دوست گرین کلر کیا جائے گا۔