اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس)پاکستان کی ساتویں زراعت شماری کی منصوبہ بندی کررہا ہے، پہلی بار جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زراعت شماری کی جائے گی۔
بدھ کو ممبر ایس ایس/آر ایم محمد سرور گوندل کی زیر صدارت پی بی ایس ہیڈ آفس میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زراعت شماری کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لئے پی بی ایس اور ضلعی حکومتوں کے ذمہ داران کے کردار ، ضلعی حکومتوں کی جانب سے شمارکنندہ اور سپروائزرز کی فہرستوں، بگ ہولڈنگز (این سی ایچ) کو اپ ڈیٹ کرنے، بجٹ کے امور اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس قومی مشق کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی ضروری ہے کیونکہ یہ زرعی زمینوں ، فصلوں ، لائیو سٹاک اور زرعی مشینری کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی جو زراعت کے شعبے میں موثر فیصلہ سازی کا باعث بنے گی۔
ملک گیر سرگرمی ہونے کی وجہ سے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ پی بی ایس ہیڈ آفس اور پی بی ایس کے صوبائی اور ریجنل دفاتر سے تمام متعلقہ افراد کی ہر مرحلے میں موثر شمولیت ہو، اس مقصد کے لئے پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں زراعت شماری پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (اے سی پی ایم یو) کی کور ٹیم ہیڈ آفس سےاور صوبائی انچارج ورچوئل طور پر شرکت کرتے ہیں۔