
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پہلی ‘دوشنبہ انٹرنیشنل ٹورازم ایگزیبیشن(ڈی آئی ٹی ای) کے شرکا نے تاجکستان کو وسطی ایشیا اور پاکستان سمیت علاقائی ممالک میں سیاحت کے لیے بہترین مقام قرار دیا ہے۔ پہلی دوشنبہ انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں نے مختلف اسٹالز لگائے اور نمائش میں شرکت کرتے ہوئے مختلف صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ نمائش میں پاکستان سے دستکاری، سیاحت اور مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری اداروں نے شرکت کی اور تاجکستان چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ کاروبار اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
اس موقع پر تاجکستان کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت اہلدین نورالدین زادہ، کمیٹی برائے سیاحتی ترقی تاجکستان کمال الدین مومن زاد نے تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نمائش سے خطاب کرتے ہوئے تاجکستان کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت اہلدین نورالدین زادہ نے کہا کہ تاجکستان میں سیاحت کے شعبے میں جدت لائی جا رہی ہے جو تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان کی معیشت میں سیاحت کا بنیادی کردار ہے اور یہ ہمارے ذریعہ معاش کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تاجکستان میں ثقافتی سیاحت، صحت اور ایڈونچر ٹورازم کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ کمیٹی آف ٹورازم ڈویلپمنٹ تاجکستان کمال الدین مومن زاد نے کہا کہ تاجکستان میں پہاڑ، گلیشیئرز، دریا اور جھیلیں ہیں اور ہر قسم کی سیاحت کے مواقع موجود ہیں اور حکومت سیاحت کے بنیادی ڈھانچے میں جدت لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوشنبہ تاجکستان میں سیاحت کا گیٹ وے ہے اور دوشنبہ کے میئر رستم امام علی ٹورازم 2030 وژن پر ہماری رہنمائی کر رہے ہیں اور تاجکستان عالمی سیاحت کا مرکز بن جائے گا۔
چیئرمین نے کہا کہ تاجکستان ہر قسم کی سیاحت کے لئے پرکشش منظر نامہ رکھتا ہے اور گزشتہ سال دس لاکھ سے زائد سیاحوں نے تاجکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان کی معیشت میں سیاحت کا اہم کردار ہے اور ملکی معیشت میں سیاحت کے شعبے کا حجم مزید بڑھے گا۔25 سے27 ستمبر2024 تک پہلی دوشنبے بین الاقوامی سیاحتی نمائش(ڈی آئی ٹی ای 2024) دوشنبے ایکسپو سینٹرمیں منعقد ہوئی۔
یہ اہم تقریب سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی گئی تھی اور اس کا آغاز جمہوریہ تاجکستان کی مجلس اولی کی مجلس ملی کے چیئرمین ، دوشنبہ شہر کے چیئرمین رستم امام علی نے کیا ۔ 16 سے زائد ممالک،20 غیر ملکی کمپنیوں اور 90 سے زائد ملکی کمپنیوں کے نمائندوں نے ڈی آئی ٹی ای 2024 میں شکت کی، جو کانفرنس کی بین الاقوامی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
نمائش نے تاجکستان کے سیاحتی اداروں، خاص طور پر دوشنبہ اور اس کے شراکت دار شہروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا، جبکہ ملک کی قدرتی، ثقافتی اور تندرستی سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دیا۔ منتظمین نے تمام شرکا کی فعال شرکت اور تعاون پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سومن ٹریول، کنگ ٹور اور ڈائور ٹریول نے ایونٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نمائش میں انٹرنیشنل ٹورازم فورم اور بی ٹو بی اجلاس بھی پیش کیے گئے، جس سے سیاحت کے شعبے میں تعاون کے نئے معاہدوں پر دستخط کرنے میں مدد ملی۔ شرکا کو سیاحتی مقاماتکا مشاہدہ کرنے بشمول استقلال کمپلیکس کا دورہ کا موقع ملا اور سیاحت کے عالمی دن کے اعزاز میں ایک ثقافتی اور تفریحی پروگرام میں شرکت کی۔
ڈی آئی ٹی ای 2024 کانفرنس تاجکستان میں سیاحت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی سیاحتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔