پہلی سپورٹس پالیسی سے پنجاب میں سپورٹس کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی آئیگی، رائے تیمور خان بھٹی

181

لاہور۔22جون (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ پنجاب کی پہلی سپورٹس پالیسی کی پنجاب کابینہ نے منظوری دیدی ہے جس سے پنجاب میں سپورٹس کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی آئے گی، سپورٹس پالیسی کے عملدرآمد سے سپورٹس کا کلچر حقیقی معنوں میں فروغ پائے گا اور سپورٹس کو ترقی ملے گی، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سپورٹس پالیسی بنائی گئی ہے جس سے ادارے مضبوط ہوں گے اور کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پالیسی کی منظوری سے سپورٹس کی سمت متعین ہوجائے گی جس پر کام کرتے ہوئے ہم سپورٹس کو عروج پر لے جائیں گے،

سپورٹس پالیسی کے تحت انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، پہلی بار گائوں سے لے کر شہروں تک 1400گرائونڈز بنائے جائیں گے، پنجاب کی تمام تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو جدید سہولیات میسر آسکیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہر ڈویژن میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات مہیا کی جائیں گی، رکھ چھبیل لاہور میں سپورٹس سٹی بنایا جائے گا، کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ہائی پرفارمنس سنٹر بنانے جارہے ہیں، ہاکی کی بحالی کے لئے لاہور میں ہاکی کا ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کیا جارہا ہے، صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ،کوچنگ اینڈ ٹریننگ پروگرام دوبارہ شروع کررہے ہیں، 8سال بعد پنجاب گیمز بحال کرائیں، اب پھر پنجاب گیمز کرائیں گے، سپیشل افرادکو سپورٹس کے مواقع فراہم کریں گے، خواتین کھلاڑیوں کے لئے ایونٹس منعقد کرائے جائیں گے، کبڈی ورلڈ کپ 2020جیتنے والی قومی کبڈی ٹیم کے اعزاز کے میں پروقار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ٹیم کو انعامات دیں گے،

کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈز قائم کیا جارہا ہے جس سے ویژن کھلاڑیوں کی مدد کریں گے، کھلاڑیوں کے لئے پہلی بار انشورنس پالیسی بھی متعارف کرائی جارہی ہے، صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کی ہائی پروفائل سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جارہی ہے جس سے سپورٹس کے مسائل جلد حل ہوں گے، سکواش کمپلیکس کی تعمیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنادیا گیا ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائیگا، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس کے بجٹ میں 200فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے ترقیاتی منصوبے بنائے جائیں گے، ہر ضلع میں سپورٹس کا 2فیصد کوٹہ ہوتا ہے، اس کوٹے کو استعمال کرائیں گے تاکہ ہر ضلع کے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں فائیوسٹار ہوٹل پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ جو سپورٹس ایسوسی ایشنز سپورٹس ایونٹس نہیں کرائیں گی اس کی سکروٹنی کی جائے گی، جس ایسوسی ایشن کے کلب نہیں ہوں گے یا قواعد کے مطابق کام نہیں کرے گی اس سے تعاون نہیں کیا جائے گا۔