اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مفاد پرست ٹولہ ہے، فیٹیف قانون سازی کے دوران تحریری این آر او نہ ملنے پر پی ڈی ایم کا اتحاد بنا، اتحاد ملکی مفاد کیلئے ہو تو چل سکتا ہے، ذاتی مفادات کے اتحاد نہیں چل سکتے، آج فرزند زرداری نے کہا کہ ن لیگ کو معافی مانگنی چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک دوسرے سے معافیاں ضرور مانگیں لیکن ان سب کو مل کر پوری قوم اور کشمیریوں سے معافی مانگنی چاہیے، حکومت کیلئے پی ڈی ایم کوئی ایشو نہیں، ہمیں ملک اور عوام کو درپیش اصل مسائل پر بات کرنی چاہیے، وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کیا ہے اور آج پاکستان دنیا میں سیاحت کے طور پر جانا جاتا ہے۔
پیر کو پیپلزپارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کے اعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے تھے کہ پی ڈی ایم کی مفادات کی سیاست اور لڑائی ہے، ان کا اتحاد ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے بنا تھا، جب تک ان کے ایک دوسرے سے مفادات جڑے ہوتے ہیں، یہ ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین کے ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف بیانات پوری قوم کے سامنے ہیں۔
مرادسعید نے کہا کہ فرزند زرداری کو کشمیر کی پالیسی کے اوپر بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ان کے دور حکومت میں پاکستان کو ڈومور ڈو مور کیلئے کہا جاتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے موثر انداز سے اقوام متحدہ اور پوری دنیا کے سامنے کشمیریوں کے سفیر کے طور پر مقدمہ لڑا اور آج مسئلہ کشمیر انٹرنیشنلائزڈ ہو گیا ہے اب یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں رہا، آج کشمیر پوری دنیا کے میڈیا کی خبروں کی زینت بن گیا ہے اور عالمی جریدوں میں بھی کشمیر اور کشیریوں کے بارے ذکر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جب اقوام متحدہ اور پوری دنیا میں کشمیر کے سفیر کے طور پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے تھے اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے تھے تو اس وقت بھی اسلام آباد میں اپوزیشن کی طرف سے ایک سرکس لگایا گیا، اس کے بعد جب پوری دنیا عالمی وبا کا مقابلہ کر رہی تھی اور پہلی لہر میں دنیا وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی اور فیصلوں کو خراج تحسین پیش کر رہی تھی، اپوزیشن نے نہ صرف عالمی وبا کی صورتحال پر سیاست کی بلکہ جان بوجھ کر جلسے جلوس کر کے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالا اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، ساری پی ڈی ایم کو اس پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے ملکی معیشت کو آئی سی یو سے نکال کر اسے استحکام دیا، آج ملک آگے بڑھ رہا ہے، ہماری برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک کے اندر غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور پاکستان دنیا میں سیاحت کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن اس دوران بھی یہ لوگ ملک کی بدنامی کا باعث بنے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے پی ڈی ایم کوئی ایشو نہیں ہے، ہمیں اصل ایشوز پر بات کرنی چاہیے، ہمارا مقصد ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے کے علاوہ ملک سے غربت کا خاتمہ، پسماندہ علاقوں کی ترقی اور ملک بھر میں شہریوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرنا ہے۔