پیرس اولمپکس کے ویمنز فٹ بال ایونٹ میں بدھ کو آخری 6 گروپ میچز کھیلے جائیں گے

164
Paris Olympics

پیرس۔30جولائی (اے پی پی):پیرس اولمپکس گیمز میں خواتین کے فٹ بال ایونٹ میں31 جولائی کوآخری 6 گروپ میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میچ میں میزبان فرانس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے، دوسرا میچ کولمبیا اور کینیڈا کی خواتین ٹیموں کے درمیان ،تیسرا میچ آسٹریلیا اور امریکا کے درمیان ، چوتھا میچ زیمبیا اور جرمنی کے درمیان ، پانچویں میچ میں برازیل اور سپین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چھٹا میچ جاپان اور نائیجیریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پیرس اولمپکس گیمز میں شائقین کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ویمنز فٹ بال ایونٹ میں شرکت کرنے والی 12 ٹیموں میں میزبان فرانس ،سپین،امریکا،جرمنی،جاپان، کینیڈا ، برازیل ،آسٹریلیا ،کولمبیا،نیوزی لینڈ،نائیجیریااور زیمبیا شامل ہیں۔ان 12 ٹیموں کو تین مختلف گروپس ای ، ایف اور جی میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ اولمپکس مقابلوں میں خواتین کا فٹ بال ٹورنامنٹ 10اگست تک جاری رہےگا۔

گروپ فاتح اور رنر اپ کے علاوہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی دو بہترین ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی ۔چاروں کوارٹر فائنلز3 اگست اور سیمی فائنلز6 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ کانسی کے تمغے کے لئے میچ 9 اگست اور طلائی تمغے کے لئے 10 اگست کو کھیلا جائے گا۔