پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے سرکاری خریداری کے نظام کو مزید پیشہ وارانہ، شفاف اور مؤثر بنانے کے لئے پبلک پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ مینجمنٹ میں چار ماہ پر مشتمل ڈپلومہ پروگرام کا آغاز کر دیا
پیپرا اور ایئر یونیورسٹی کے اشتراک سے پبلک پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ مینجمنٹ میں چار ماہ کا ڈپلومہ شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے سرکاری خریداری کے نظام کو مزید پیشہ وارانہ، شفاف اور مؤثر بنانے کے لئے پبلک پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ مینجمنٹ میں چار ماہ پر مشتمل ڈپلومہ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب ایئر یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں منیجنگ ڈائریکٹرپیپرا حسنات احمد قریشی نے مہمانِ خصوصی کے طور پرشرکت کی۔ تقریب میں ایئر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ ایئر کموڈور (ر) ظہیر مرزا، پیپراکے سینئر سپیشلسٹ عتیق سلطان راجہ اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حسنات احمد قریشی نے کہا کہ پبلک پروکیورمنٹ قومی ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے کیونکہ سرکاری اخراجات کا بڑا حصہ خریداری کے عمل پر صرف ہوتا ہے جس کا براہِ راست اثر عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار، لاگت اور بروقت تکمیل پر پڑتا ہے۔
ایم ڈی پیپرا نے اس امر پر زور دیا کہ استعداد کار میں اضافہ پیپرا کے اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک بنیادی ستون ہے، اب تک پیپرا نے 15ہزار سے زائد پروکیورمنٹ ماہرین، سرکاری افسران اور وینڈرز کو تربیت دی ہے جن میں ساڑھے سات ہزار افراد کو 2023 میں ای پاکستان ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم کے آغاز کے بعد تربیت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پیپرا نے ملک کی معروف جامعات نسٹ، لمز، آئی بی اے، ایئر یونیورسٹی اور کامسیٹس کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے تاکہ سرکاری خریداری، پروکیورمنٹ ضوابط اور کانٹریکٹ مینجمنٹ میں منظم تعلیم متعارف کرائی جا سکے۔ نسٹ کے ساتھ اشتراک میں پیپرا نے کامیابی سےچار ماہ کے دو ڈپلومہ پروگرام مکمل کئے ہیں جن سے تقریباً 150 ماہرین فارغ التحصیل ہوئے جبکہ ایئر یونیورسٹی میں شروع کئے گئے ڈپلومہ پروگرام میں 40سے زائد شرکاء شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ حسنات قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پیپرا جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اشتراک سے پبلک پروکیورمنٹ کو انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگراموں کا حصہ بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ وکلاء، انجینئرز، منتظمین، اکاؤنٹنٹس، ماہرینِ معاشیات اور پبلک ایڈمنسٹریٹرز پروکیورمنٹ گورننس کے بارے میں مضبوط علمی و عملی فہم حاصل کر سکیں۔
ایئر کموڈور (ر) ظہیر مرزا نے پیپراکے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ڈپلومہ پروگرام یونیورسٹی کے عزم کا مظہر اورعملی اور معیاری پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔








