حیدرآباد۔ 27 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی ضلع سانگھڑ کے صدر ایم پی اے علی حسن ہنگورجو، جنرل سیکریٹری جہانگیر جونیجو اور سیکریٹری اطلاعات عمران دھامراہ نے اپنے مشترکہ بیان میں پنجاب میں بھارتی آبی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اچانک پنجاب کے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے باعث سیالکوٹ، نارووال سمیت کئی شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کافی عرصے سے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور دنیا کے ممالک کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ ضلعی قیادت نے اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کو بارشوں کے نقصانات اور سیلاب جیسی آفات سے جلد نجات عطا فرمائے۔