پیپلزپارٹی کا پنجاب میں سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ، اب وہ سندھ میں اپنا ووٹ برقرار رکھنے کیلئے کوشش کرے گی،اپوزیشن جماعتوں کی رائے میں واضح فرق ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

44

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پوائنٹ سکورننگ کرنے کیلئے منفی سیاست کر رہی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کی رائے میں واضح فرق ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے قائدین لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت بچانے اور قابل مذمت اہداف کے حصول کیلئے مولانا فضل الرحمان کو استعمال کر رہے ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے پی ڈی ایم کے لاہور شو اور اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی ریلی میں شرکت نہ کرنے پر مدارس کے بچوں کی تعریف کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات اور مقاصد کے حصول میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، اپوزیشن رہنما پوری قوم کا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں جیسا کہ وہ دیانت دار وزیراعظم عمران خان سے این آر او حاصل نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کی میز پر آئیں بصورت دیگر حکومت اپوزیشن کے لانگ مارچ کو ہینڈل کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں استعفوں کی باتیں کر رہی تھیں اور اب ن لیگ سمیت ساری جماعتیں ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں، لیگی رہنما ضمنی انتخابات کے سلسلے میں مختلف حلقوں میں مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پنجاب میں سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ہے البتہ اب وہ سندھ میں اپنا ووٹ بینک برقرار رکھنے کیلئے کوشش کرے گی۔