پیپلزپارٹی کسی صورت میں سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی،وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر تحریک انصاف سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کئے، اپوزیشن جماعتیں بھی مینار پاکستان پر جلسہ کر کے دیکھ لیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں جلسے این سی او سی ہدایات کی خلاف ورزی ہے، اپوزیشن جلسے کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے اسے روکیں گے نہیں، حکومت ایس …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر تحریک انصاف سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کئے، اپوزیشن جماعتیں بھی مینار پاکستان پر جلسہ کر کے دیکھ لیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں جلسے این سی او سی ہدایات کی خلاف ورزی ہے، اپوزیشن جلسے کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے اسے روکیں گے نہیں، حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے ذہنوں میں ہو گا کہ لاہور جلسے سے کوئی انقلاب آئے گا تو انہیں پیغام دیتا ہوں کہ کوئی انقلاب نہیں آئے گا، حکومت بھرپور جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔ شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ این آر او کے علاوہ وہ ہر اہم ایشو پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات میں ترامیم کے حوالے سے بھی اپوزیشن کو دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا لیکن اپوزیشن نے اس میں بھی شرکت نہیں کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مفادات میں کوئی ہم آہنگی نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے اس کا نظام میں سٹیک ہے، اگر وہ ن لیگ کی لائن پر چلے گی تو اسے سندھ حکومت کی قربانی دینا پڑے گی، پیپلزپارٹی ایسا کیوں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ ہے، پیپلزپارٹی بھی اپنی جگہ بنانا چاہتی ہے لیکن اس کی ن لیگ کے ساتھ ہم آہنگی نہیں ہو گی، ان کے بنیادی طور پر اختلافات ہیں اور میرے خیال میں پیپلزپارٹی استعفے نہیں دے گی، اگر ان لوگوں نے استعفے دیئے تو حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ اتحادی جماعتیں مضبوطی کے ساتھ حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، اگر کسی کو شک ہے تو تحریک عدم اعتماد پیش کر کے دیکھ لیں انہیں خود اندازہ ہو جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے پاس مولانا فضل الرحمان کے خلاف ثبوت ہوں گے تبھی ہی وہ ایسی بات کر رہے ہیں، مجھے کوئی ابہام نہیں ہے۔