پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس میں فریق بننے کے لیے درخواستیں دائر کر دیں

63
Supreme Court
Supreme Court

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس میں فریق بننے کے لیے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے رہنما فرحت اللہ بابرکی طرف سے دائر کردہ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عدالتی فیصلے سے متاثر ہوسکتی ہے،پیپلز پارٹی سپیکر رولنگ سے متعلق کیس کی اہم فریق ہے،چیئرمین سینیٹ سے متعلق یوسف رضا گیلانی کی اپیل بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے،

انصاف کے تقاضوں کے لیے پیپلز پارٹی کو رولنگ کیس میں فریق بنایا جائے، بصورت دیگر متاثرہ فریق کو نہ سننے کے مترادف ہوگا،یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر کی رولنگ کے متاثرہ ہیں۔فرحت اللہ بابر کی طرف سے مذکورہ درخواست ایڈووکيٹ فاروق ایچ نائیک نے عدالت عظمٰی میں دائر کی ہے۔

مذکورہ کیس میں فریق بننے بابت دوسری درخواست جمیعت علما ئےاسلام ف کی جانب سے کامران مرتضیٰ نےدائر کی ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیف جسٹس موجودہ کیس میں ابہامات دور کرنے کے لیے فل کورٹ تشکیل دیں۔