اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا، اب یہاں کے عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات مہیاءکریں گے، خیبر پختونخوا کی طرز پر یہاں کے عوام کو بھی صحت انصاف کارڈز دیئے جائیں گے، …
پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا، گلگت بلتستان کے عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کریں گے، وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کا روندو میں عوامی جلسہ سے خطاب
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا، اب یہاں کے عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات مہیاءکریں گے، خیبر پختونخوا کی طرز پر یہاں کے عوام کو بھی صحت انصاف کارڈز دیئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے، سابقہ ادوار میں یہاں کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روندو میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آصف علی زرداری عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے کے بعد آج کھرب پتی ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام کو دھوکہ دیا، ان سے جھوٹے وعدے کئے۔ جو لوگ اپنے علاقے میں کام نہیں کروا سکے وہ آپ لوگوں سے کئے گئے وعدے کیسے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل ماضی کی حکومتوں نے یہاں کے عوام کو آئینی حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں مستحقین کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دل میں پاکستان اور پاکستان کے عوام کا درد ہے۔ انہوں نے کینسر کے علاج کے لئے کینسر ہسپتال بنایا جہاں غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غریب شخص کے گھر میں جب کوئی بیماری آتی ہے تو وہ کتنے کرب میں مبتلا ہوتا ہے اس کا اندازہ کوئی نہیں لگا سکتا۔ وزیراعظم عمران خان نے غریب عوام کا درد محسوس کرتے ہوئے کے پی کے میں ساڑھے سات لاکھ روپے سے لے کر دس لاکھ روپے تک مفت علاج کیلئے انصاف کارڈ فراہم کیا۔ عمران خان کی حکومت نے مستحقین کے لئے مفت صحت کارڈز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لئے بھی ہیلتھ کارڈز منظور ہو چکا ہے جو یہاں کے لوگوں کو جلد مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کر کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں، کشمیر کے مسئلہ کو حل کیا جائے، بھارت ہمارے نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ اگر خطے میں جنگ ہوئی تو صرف خطے کا نقصان نہیں ہوگا بلکہ پوری دنیا کا نقصان ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انشاءاﷲ مسئلہ کشمیر عمران خان ہی حل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر وزیراعظم عمران خان نے بھرپور طریقے سے آواز بلند کی، ہم حضور اکرم کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے مدینہ کی ریاست کی بات کی، ریاست مدینہ کی ذمہ داری تھی کہ عوام کے مسائل حل کرے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کا درد رکھتے ہیں وہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیت صاف ہو تو کام ہو جاتے ہیں۔ ہماری نیت صاف ہے اور ہم علاقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے لئے اپنا قلم استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی پوری آبادی کے لئے احساس کارڈ منظور ہو چکا ہے۔ تمام خاندانوں کو احساس کارڈملے گا، اس کی منظوری دی جا چکی ہے۔









