اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو کی تاریخی جدوجہد، جمہوری خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی امید، جمہوریت کی ضمانت اور محروم طبقات کی آواز ہے۔اتوار کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی …
پیپلز پارٹی محض سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوام کی امید، جمہوریت کی ضمانت اور محروم طبقات کی آواز ہے، گورنر خیبرپختونخوا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو کی تاریخی جدوجہد، جمہوری خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی امید، جمہوریت کی ضمانت اور محروم طبقات کی آواز ہے۔اتوار کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں گورنر نے کہا کہ بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن، ان کی جمہوری جدوجہد اور 1973ء کا متفقہ آئین پیپلز پارٹی کی اُس روشن سیاسی میراث کا حصہ ہے جس نے پاکستان کی آئینی سمت کا تعین کیا اور وفاق کو مضبوط کیا۔
شہید بینظیر بھٹو نے اسی میراث کو اپنی جرات، تدبر اور لازوال قربانیوں سے نئی بلندیوں تک پہنچایا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب پاکستان پر آمریت کا سایہ ہواجب شہری آزادیوں پر قدغنیں لگیں اور جب عوام سے ان کے بنیادی حقوق چھینے گئے تو پیپلز پارٹی سب سے آگے کھڑی ہوئی۔ ایم آر ڈی سے اے آر ڈی، چارٹر آف ڈیموکریسی سے اٹھارویں ترمیم اور نیشنل ایکشن پلان تک، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے جمہوری ارتقا کو آگے بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، خواتین، اقلیتوں اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔
سماجی انصاف، معاشی مساوات، شمولیت اور بااختیار بنانا ہمیشہ پارٹی کی سیاست اور جدوجہد کا بنیادی محور رہا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژنری قیادت کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا جمہوری، ترقی پسند اور امن پر مبنی سیاسی وژن پاکستان کو ایک نئے دور کی طرف لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کی نوجوان قیادت نے پارٹی میں نئی توانائی، نئی فکری روح اور نئی سمت پیدا کی ہے جو ملک کے روشن اور متوازن مستقبل کی علامت ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یومِ تاسیس تجدیدِ عہد کا دن ہے، اور ہمیں آج یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم جمہوریت، وفاق، سماجی انصاف، برداشت، اقلیتوں کے حقوق اور خواتین کے بااختیار بنانے کے سفر کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے تمام پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھیں، عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ایک روادار، روشن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے لیے مل کر جدوجہد جاری رکھیں۔ یہی پیپلز پارٹی کا مشن ہے، یہی شہدا کی امانت، اور یہی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے۔








