پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر صوبہ کے عوام کا ترجمان ہے ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کی بات کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن صوبائی اسمبلی خالد وقار چمکنی کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا ، ڈویژنل صدر مصباح الدین خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری خالد اچڑ اور دیگر عہدیدار ، کارکن اور علاقہ کی سماجی شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی سب سے بڑی وجہ ریکوری کا نہ ہونا ہے ، واپڈا حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اکثر علاقوں میں لوگ بل بھی ادا کرتے ہیں مگر لوڈ شیڈنگ ہے ، واپڈا حکام اور علاقہ معززین مل بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کریں ۔
انہوں نے کہا کہ گیس کے مسائل بھی حل طلب ہیں اس حوالہ سے بھی کوشاں ہوں ، مسائل کے حل نہ ہونے میں سرکاری عہدیدار اور عوام دونوں قصور وار ہیں ہمیں زمینی حقائق کا ادراک کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حقوق کا حصول میری ترجیحات میں شامل ہے ، اس حوالہ سے صوبہ کی تمام جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبہ تباہ کردیا ہے ، بدامنی عروج پر ہے ، سیاسی انتقام اور کرپشن ہی صوبائی حکومت کی ترجیحات ہیں ۔
انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ ایک کمیٹی بنائیں ،میں متعلقہ تمام محکمہ جات سے آپکی میٹنگ کا انتظام کرتا ہوں تاکہ مسائل بتدریج حل ہوں ۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام پی کے گیارہ کے صدر قیصر خان ، ماشوخیل کے صدر جانثار خان ، مسافر خان اور ماشو گگر کے صدر عرب نواز خان نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔