پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ پروازوں کا آغاز کر دیا،ترجمان

166
P i a
P i a

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ کے لئے پروازوں کا آغاز کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ وار دو پروازیں کوئٹہ سے براہ راست جدہ روانہ ہوں گی،ان پروازوں سے خاص طور پر عمرہ زائرین کو سہولت ہوگی۔ جنرل منیجر سیلز محمد شفیق نے کہا کہ پہلی پرواز پی کے 767 سے 141 عازمین عمرہ کو لے کر جدہ کے لئے روانہ ہوئے،پی آئی اے اپنے مسافروں کو براہ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات کرتی رہے گی۔

پروازوں سے سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم افراد کو بھی وطن واپسی کے لئے براہ راست سفر کی سہولت ہو گی،پہلی پرواز کے عازمین عمرہ کوگورنر بلوچستان شیخ جعفرمندوخیل، جنرل مینجر سیلز پی ائی اے محمد شفیق اور ممبران صوبائی اسمبلی بلوچستان نے رخصت کیا۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی کوئٹہ سے جدہ کے لئے براہ راست پروازوں سے بلوچستان کے عوام کو سہولت ہو گی،اس سہولت کی فراہمی کے لئے پی آئی اے انتظامیہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔کوئٹہ ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں پی آئی اے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔