پی آئی اے کو ایچ آر شعبے کی اصلاحات میں پیشرفت کا عمل تیز کرنے کی ہدایات کی ہیں، خواجہ سعدرفیق

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو ایچ آر شعبے کی اصلاحات میں پیشرفت کا عمل تیز کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے کے ایچ آر شعبے کی بریفنگ کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر کو پی آئی اے کی کل افرادی قوت، انتظامی امور، انضباتی کارروائیوں اور مختلف ملازمین کی جانب سے کئے گئے مقدمات پر بریفنگ دی گئی ۔

وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو ایچ آر شعبے کی اصلاحات میں پیشرفت کا عمل تیز کرنے اورپی آئی اے کو ہر شعبہ خصوصا بیرون ملک پوسٹنگ کو صریحا میرٹ پر کرنے کی ہدایات کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانفسر، پوسٹنگ اور ترقیوں کیلئے یکساں اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے، پی آئی اے اپنے سالانہ کارکردگی کو جانچنے کے نظام کو بھی اصلی کارکردگی کے ساتھ منسلک کرے۔ پی آئی اے کو درپیش مالی مشکلات اور کئی دہائیوں پر مبنی نقصانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔پی آئی اے کے ذمہ واجب الادا قرضہ جات اور ان سے متعلق لائحہ عمل پر بھی غور کیا ۔