پی آئی اے کی بولی 23 دسمبر 2025ء کو منعقد ہوگی، نجکاری کا عمل فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگیا ، خرم شہزاد

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل اب فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے، اس سلسلے میں پرائیویٹائزیشن کمیشن (پی سی) نے بدھ کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمام پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل اب فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے، اس سلسلے میں پرائیویٹائزیشن کمیشن (پی سی) نے بدھ کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمام پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ایکس پر خرم شہزاد نے کہا کہ وزیراعظم نے تقریب میں شریک سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نجکاری کے اس عمل کو مکمل شفافیت، مسابقت اور کاروبار دوست ماحول کے اصولوں کے تحت آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے پی آئی اے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور قومی ایئرلائن ایک جدید، فعال اور عالمی معیار کی ایئر لائن میں تبدیل ہو سکے گی۔پرائیویٹائزیشن کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل 23 دسمبر 2025ء کو منعقد ہوگا۔ اس عمل کو شفافیت کی علامت کے طور پر براہ راست نشر بھی کیا جائے گا۔حکومت پاکستان کا یہ اقدام قومی فضائی ادارے کی جدید، مضبوط اور عالمی معیار کے مطابق بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے جس میں نجی شعبے کی مہارت اور شفافیت پر مبنی حکومتی عزم مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔