پی آئی ٹی بی و ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

97
پی آئی ٹی بی و ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

لاہور۔30دسمبر (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور محکمہ ترقی خواتین (ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ) کے درمیان ورکنگ ویمن ہاسٹلز کے لیے جدید ایپ اور ویب پورٹل لانچ کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

ترجمان محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کیمطابق اس معاہدے کا مقصد ورکنگ خواتین کو سہولت فراہم کرنا اور وورکنگ ویمن کے رہائشی معاملات کو مزید شفاف اور موثر بنانا ہے۔ ایپ اور ویب پورٹل کی مدد سے خواتین اب گھر بیٹھے ہاسٹل میں رہائش کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ درخواستوں کی پراسیسنگ، منظوری اور دیگر معاملات کی آن لائن ٹریکنگ بھی ممکن ہوگی، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ محکمہ ترقی خواتین کے سیکرٹری عثمان علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خواتین کو محفوظ اور آسان رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ ایپ اور پورٹل نہ صرف درخواست کے عمل کو آسان بنائیں گے بلکہ انتظامیہ کو بھی ہاسٹلز کے انتظامات کو بہتر انداز میں چلانے میں مدد فراہم کریں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کی رہائشی سہولیات کے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنا ایک انقلابی اقدام ہے جو نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ خدمات کی فراہمی کو بھی موثر بنائے گا۔