لاہور۔17فروری (اے پی پی):پنجاب کے تمام محکموں میں سرکاری ملازمین کی درست معلومات سمیت ان کی پروفائلز، مہارت، پوسٹنگ اور کارکردگی کے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کیلئے پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے پنجاب بھر کے سرکاری انتظامی محکموں کے اب تک 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد افسران کے پروفائلز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔
یہ بات پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سسٹم کے تحت ابتک 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد سرکاری افسران کو ٹرانسفر نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ نظام سرکاری محکموں میں شفافیت اور مثر انتظامی امور کے فروغ کا عملی نمونہ ہے جو سرکاری افسران کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کر کے گورننس کو مزید موثر بنا رہا ہے۔