پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں پیشہ وارانہ اصولوں اور معاہدوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زمبابوے کے فاسٹ بالر بلیسنگ مزاربانی پر 2 سالہ پابندی عائد کر دی ہے۔
پی ایس ایل ،زمبابوے کے فاسٹ بالر بلیسنگ مزاربانی پر 2سالہ پابندی عائد
لاہور۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں پیشہ وارانہ اصولوں اور معاہدوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زمبابوے کے فاسٹ بالر بلیسنگ مزاربانی پر 2 سالہ پابندی عائد کر دی ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈسپلنری جائزے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بلیسنگ مزاربانی آئندہ 2 ایڈیشنز میں لیگ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نے طے شدہ معاہدے کی بنیادی شرائط کو نظر انداز کیا اور ایک متصادم معاہدہ اختیار کیا، جو لیگ کے پیشہ ورانہ ڈھانچے کے خلاف ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی کرکٹ میں پیشہ ورانہ نظام اعتماد اور معاہدوں کی پابندی پر قائم ہے اور جب معاوضہ اور دیگر شرائط تحریری طور پر طے ہو جائیں تو وہ ایک لازمی ذمہ داری بن جاتی ہیں۔ اس سے انحراف کرنا نہ صرف معاہدے کی خلاف ورزی ہے بلکہ کھیل میں دیانت داری کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔پی ایس ایل انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فرنچائز لیگ میں شفافیت اور مستقل مزاجی انتہائی ضروری ہے اور کسی پہلے سے موجود معاہدے کے باوجود متصادم سرگرمی میں شامل ہونا غیر پیشہ وارانہ طرز عمل ہے جس سے فرنچائزز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔پی سی بی کے مطابق یہ پابندی لیگ کے پیشہ وارانہ ماحول کے تحفظ اور معاہدوں کی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ بورڈ نے واضح کیا کہ جدید کرکٹ شیڈول کی پیچیدگیوں کے باوجود اخلاقی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ دو سالہ پابندی خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔









