
کراچی۔ 11 مارچ (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے29 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شان مسعود نے 25 گیندوں پر ایک چھکے اور8 چوکے کی مدد سے 48 رنز بنائے جبکہ جے چارلس نے 25 گیندوں پر 2 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ محمد عباس کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا، واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے سے باہر ہوچکی ہیں۔ قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لئے 141 رنز کا ہدف دیا جو کہ ملتان سلطانز نے12.3 اوورز با آسانی حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز نے اپنی اننگ کے پہلے10 اوور ز میں59 رنز بنائے اور اس کے 3 بیٹسمین آئوٹ ہوکر واپس پویلین پہنچ چکے تھے جبکہ باقی ماندہ 10 اوورز میں قلندرز کی کارکردگی قدر بہتر رہی اور انہوں نے اپنے مجموعی اسکور میں مزید 81 رنز کا اضافہ کیا۔ اس طرح قلندرز کا مجموعی اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 140 رنز رہا۔ قلندرز کے کپتان فخر زمان نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے36 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں ایک چھکا اور 8 چوکے لگائے۔ فخر زمان 11.4 اوورز میں شاہد آفریدی کی بال پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ قلندرز کے دوسرے کامیاب بیٹسمین ڈی وینس رہے جنہوں نے 22 گیندوں پر 2 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کئے اور وہ محمد عباس کی بال پر وینس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ قلندرز کے باقی مانندہ بیٹسمین خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تاہم انہوں نے ملتان سلطانز کو جیتے کے لئے ایک اچھا ٹارگٹ فراہم کیا۔ قلندر کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گری جبکہ دوسری 29، تیسری 59، چوتھی 78، پانچویں 94، چھٹی 124، ساتویں 127 اور آٹھویں وکٹ 134 رنز پر گری۔ ملتان سلطانز کے سب سے کامیاب بالر محمد عباس رہے جنہوں نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ دوسرے کامیاب ترین بالر شاہد آفریدی نے اپنے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد الیاس اور سی جے گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قلندرز کے حدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنی اننگ کا آغاز غیر موثر طریقے سے کیا اور 2.2 اوور میں ان کے اوپنر عمر صدیق7 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے جس کے بعد سلطانز کے بیٹسمینوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے حدف کا تعاقب کیا۔ اس موقع پرجے ایم وینس 5.3 اوورز میں 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس وقت سلطانز کا مجموعی اسکور 70 رنز تھا جس کے بعد شان مسعود اور جے چارلس نے ملکر سلطانز کے اسکور میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ شان مسعود 25 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکے کی مدد سے 48 رنز بنا کر ویسے کی بال پر متبادل کھلاڑی عمر مسعود کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر سلطانز کے بیٹسمین جے چارلس اور شاہد آفریدی 141 رنز کا مقررہ حدف 12.3 اوورز میں حاصل کر کے 7 وکٹوں سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ جے چارلس نے 25 گیندوں پر 2 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ شاہد آفریدی نے 5 گیندوں پر 3 رنز اسکور کئے۔ قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور ڈی ویسے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ میں کامیابی کے بعد ملتان سلطانز نے پی ایس ایل فور میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان شعیب ملک، جیمز وینس، عمر صدیق، جونسن چارلس، شان مسعود، ڈینیل کرسچن، شاہد آفریدی، کرس گرین، ایم الیاس، ایم عباس اور جنید خان شامل ہیں جبکہ حماد اعظم بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے فرائض انجام دئیے۔ اسی طرح لاہور قلندرز میں کپتان فخر زمان، اسیلا گوناریٹائن، حارث سہیل، سعد علی، سہیل اختر، ڈیوڈ ویسے، حسن خان، ریکی ویسلز، شاہین شاہ آفریدی، سندیپ لیمی چین اور حارث رئوف شامل ہیں جبکہ یاسر شاہ بارہویں کھلاڑی تھے۔ امپائرنگ کے فرائص مائیکل گوف اور راشد ریاض نے انجام دئیے جبکہ ٹی وی امپائر کے فرائض شعیب رضا نے ادا کئے۔