کراچی۔27جنوری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے بآسانی شکست دیکر فاتحانہ آغاز کیا، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کا 125 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا،
عمران طاہر شاندار پرفارمنس پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، 2021 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان نے نصف سنچری سکور کی۔
جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں محمد رضوان نے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھاجبکہ عمران طاہر نے 3 اہم وکٹیں حاصل کر کے کراچی کنگزکی بیٹنگ کی کمر توڑدی۔محمدرضوان جو اپنے کھیل کی بلندیوں پر ہیں، محمد نبی کی گیند پر ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
ملتان سلطانز نے 125 رنز کا مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا جبکہ میچ کی 10 گیندیں باقی تھیں۔ ملتان سلطانز کی طرف سے صہیب مقصود نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 31 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ ٹم ڈیوڈ 12 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔
محمد نبی کراچی کنگز کے سب سے کامیاب بولر تھے جنہوں نے نپی تلی بائولنگ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد الیاس نے اپنے اکلوتے اوور میں 2 رنز دیکر شان مسعود کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔
اس سے قبل 2020 کی چیمپیئن کراچی کنگز کو ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بابراعظم ، شرجیل خان، لیوس گریگری ،جوکلارک، محمد نبی جیسے طاقتور بیٹرز کی موجودگی کے باوجود کراچی کنگز 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر محض124 رنز بناسکی۔ میچ کے دوران صرف 6 چوکے اور 3 چھکے لگے۔
مشہورپاور ہیٹر شرجیل خان نے اپنی بیٹنگ کے جوہر کی معمولی جھلک دیکھائی اور 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ 2021 میں کھیل کی بلندیوں پر رہنے والے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے تماشائیوں کو مایوس کیا اور 29 گیندوں پر صرف 23 رنز بناسکے جس میں صرف ایک چوکا شامل تھا۔
جوکلارک نے محتاط 26 رنز بنائے ۔ سائوتھ افریقہ کے سابق ویٹرن لیگ اسپنر عمران طاہر نے اپنی گھومتی بولنگ کا جادو جگایا اور 16 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرکے کراچی کنگز کی بیٹنگ کا بٹہ بیٹھا دیا۔قبل ازیں پی ایس ایل سیون کا آغازایک رنگارنگ تقریب سے ہوا۔