پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی

213
پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی

راولپنڈی ۔12مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 13 رنز سے شکست دے دی ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے ، محمد حارث نے 79 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، فہیم اشرف 38 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، پشاور کے خرم شہزاد اور سفیان مقیم نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ، محمد حارث کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

اتوار کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 29 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنر صائم ایوب پہلے اوور میں بغیر کوئی رن بنائے فضل حق فاروقی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ،

اس موقع محمد حارث اور بھنوکا راجا پاکسے نے عمدہ بیٹنگ کی اور 10.1 اوورز میں ٹیم کا سکور 116 تک پہنچا دیا ، بھنوکا راجا پاکسے 25 گیندوں 41 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کولن منرو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 132 کے مجموعی سکور پر زلمی کی تیسری وکٹ گر گئی جب قائم مقام کپتان ٹام کوہلر کیڈمور 12 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بن گئے ، محمد حارث نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے ، بعد میں آنے والے بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے ،

حسیب اللہ خان 10 ، جیمز نیشم ایک اور عامر جمال 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے ، یونائیٹڈ کی طرف سے حسن علی نے تین ، شاداب خان نے دو جبکہ فضل حق فاروقی ، فہیم اشرف اور محمد وسیم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، فہیم اشرف نے آخر میں طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ، رحمان اللہ گرباز 33 ، شاداب خان 25 ، ایلیکس ہیلز ، کولن منرو اور صہیب مقصود 15 ، 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، پشاور زلمی کی طرف سے خرم شہزاد اور سفیان نے تین ، تین جبکہ عامر جمال اور جیمز نیشم نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔