پی ایس بی نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے امور چلانے کے لئے بریگیڈئر (ر) زاہد اقبال کی سربراہی میں 3 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دیدی

163
Pakistan Sports Board

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ نےپاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے امور چلانے کے لئے بریگیڈئر (ر) زاہد اقبال کی سربراہی میں 3 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دیدی ہے ، فیڈریشن میں سنگین بے ضابطگیوں ، بدعنوانیوں اور اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 25 ویں اجلاس میں پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ پی ایس بی کی جانب سے جمعرات کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فیڈریشن کی معطلی کے بعد پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے معاملات چلانے کے لئے ایک عبوری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) زاہد اقبال ہونگے جبکہ اراکین میں کرنل (ر) حافظ ڈاکٹر ظفر اقبال اور نازحت جبین شامل ہیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے صوبائی اسپورٹس بورڈز، کھیلوں کے متعلقہ سرکاری اداروں، اور دیگر حکومتی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ معطل شدہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ساتھ کسی قسم کی خط و کتابت یا مالی تعاون نہ کریں، جس میں گرانٹ، کھیلوں کی سہولیات، اور کھلاڑیوں کی فراہمی شامل ہے۔ پی ایس بی نے تمام اداروں کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی مقرر کردہ عبوری کمیٹی کو ویٹ لفٹنگ کے امور میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ قومی سطح پر ویٹ لفٹنگ کے معاملات کو شفافیت اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے چلایا جا سکے۔