اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو ) نے اپنے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی (سی ایس آر) پروگرام کے تحت پہلا نیکسٹ ٹیک انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اختتامی تقریب پی ایس ڈبلیو کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔چھ ہفتے پر مشتمل یہ جدید تربیتی پروگرام نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے تعاون سے ترتیب دیا گیا تھا جس میں ملک بھر سے منتخب 10 ذہین طلبہ نے حصہ لیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو مستقبل کے اہم ٹیکنالوجی شعبوں جیسے بلاک چین، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا سائنس میں عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ڈبلیو کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر سید صہیب حسن نے کہا کہ نیکسٹ ٹیک صرف انٹرن شپ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لئے سیکھنے، آگے بڑھنے اور خود کو عالمی معیار پر لانے کا ایک سنہری موقع ہے، ہمیں فخر ہے کہ پی ایس ڈبلیو اپنے سی ایس آر پروگرام کے ذریعے ملک کے ڈیجیٹل مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو تربیت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پی ایس ڈبلیو اس مشن میں مسلسل اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پی ایس ڈبلیو کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نیکسٹ ٹیک انٹرن شپ پروگرام کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کر کے پاکستان کے روشن مستقبل میں ان کا کردار مزید مؤثر بنایا جا سکے۔یہ اقدام نہ صرف طلبہ کے لئے ایک عملی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے بلکہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں خودمختار اور مضبوط بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔