اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) وزات منصوبہ بندی ،ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ایوی ایشن ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 21 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال میں 4 ارب 67کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے بنوں ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے لئے 50لاکھ، ترکی اور پاکستان کے درمیان میٹروجیکل ڈیپارٹمنٹ کے لئے 63 لاکھ، کراچی میں موسمی پیش گوئی کے حوالے سے ریڈار کی تنصیب کے لئے 30 لاکھ، نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اے ایس ایف سکیورٹی کے لئے رہائشی منصوبوں کے لئے 17 کروڑ 19 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔