اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل ( پی ایف سی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی کے وفد کا ماسکو کا دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
ماسکو سے موصول ہونے والے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کے وفد کے دورہ روس کا بنیادی مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری روسی مارکیٹ میں اپنی بہترین دستکاری اور معیاری مصنوعات متعارف کرانا چاہتی ہے جو فرنیچر کی برآمدات کے لیے ایک امید افزا منزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کا مقصد باہمی فائدہ مند شراکت داری اور تجارتی معاہدوں کی بنیاد رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد اور روسی سٹیک ہولڈرز کے درمیان ملاقاتوں سے تجارتی حجم اور سرمایہ کاری میں اضافے کی امید ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وفد فرنیچر کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی راہیں تلاش کرنے کا خواہاں ہے جس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارتوں کی ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے جس سے دونوں ممالک کی معیشتیں اور عوام مستفید ہو سکیں گے۔