لاہور۔7جولائی (اے پی پی):پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے رواں مالی سال کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے تیسرے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 53 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم روف نے کی۔
اجلاس میں روڈز اور ہائر ایجوکیشن سیکٹرز کی جن ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں خانقاہ ڈوگراں سے سکھیکی سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے 1 ارب روپے کی منظوری، بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب (فیز ا ) کے لیے 3 ارب 7 کروڑ روپے منظور، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری اور وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں بلڈنگ کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری لیے 3 ارب 42 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری شامل ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔