اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) یوم سیاہ کے سلسلے میں 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ثقافتی سرگرمیاں منعقد کرے گی۔ پی این سی اے ترجمان نے پیر کو بتایا کہ وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے اشتراک سےمنعقد ہونے والایہ پروگرام مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالے گا، کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لئے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیا جانے والا ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کی عکاسی کے لئے پینٹنگز کی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بے گناہ لوگوں کی جدوجہد کو بیان کرنے کے لئے تصاویر بھی آویزاں کی جائیں گی جو اپنی آزادی اور حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کی حمایت کے لئے اسٹیج اور میم پلے کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباکے درمیان تقاریر ی مقابلوں کی میزبانی بھی ہوگی۔اس دن کو مناسب انداز میں منانے کے لئے کالے بینرز ، پانافلیکس ، ہورڈنگز اور اسٹرییمرز پی این سی اے کے احاطے میں آویزاں کیے جائیں گے۔