پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم کی چین میں ہونے والے ‘وومن جونئیر ایشیا کپ 2026’ میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ قدم ملک میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پی ایچ ایف نے پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم کا چین میں ہونے والے ‘وومن جونیئر ایشیا کپ 2026’ میں شرکت کا باضابطہ اعلان

مزید خبریں
لاہور۔10اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم کی چین میں ہونے والے ‘وومن جونئیر ایشیا کپ 2026’ میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ قدم ملک میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس ایونٹ میں شرکت سے پاکستان کی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ایشیائی سطح کے اعلی ترین جونئیر مقابلے میں حصہ لینے اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن 18 اگست 2026 سے اسلام آباد میں ایک قومی تربیتی و سلیکشن کیمپ قائم کرے گی۔
ترجمان کیمطابق پی ایچ ایف نے اس کیمپ کے لیے ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی جامع سلیکشن عمل اپنایا ہے۔ اسلام آباد میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ‘قومی گرلز انڈر-18 / انڈر-21 چیمپئن شپ’ کی سرفہرست چار ٹیموں کی تمام کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا تاکہ وہ ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔مزید برآں، خیبر پختونخوا، کوئٹہ/بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی ان انفرادی کھلاڑیوں کو بھی ٹرائلز کے لیے مدعو کیا جائے گا جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کی صلاحیت ثابت کی ہے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ پاکستان کے ہر خطے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کا مساوی موقع ملے۔ حتمی انتخاب کا انحصار تمام تر کیمپ اور ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، تکنیکی مہارت، فٹنس، حکمتِ عملی کی سمجھ بوجھ، ڈسپلن اور صلاحیتوں پر ہوگا۔پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان گرلز ٹیم کی شرکت، فیڈریشن کی جانب سے خواتین کی ہاکی کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سلیکشن عمل مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہوگا تاکہ ملک کے ہر کونے سے آنے والی باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا پورا موقع ملے۔ فیڈریشن اس کیمپ کو نہ صرف جونئیر ایشیا کپ کی ٹیم کی تشکیل کے لیے استعمال کرے گی، بلکہ اس کا مقصد باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا ایک وسیع پول تیار کرنا بھی ہے جو مستقبل کی قومی ویمنز ہاکی ٹیموں کی بنیاد بن سکے۔تربیتی پروگرام کے دوران پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی فٹنس، جدید کوچنگ، حکمتِ عملی، ویڈیو انالسس اور بین الاقوامی معیار کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔صدر پی ایچ ایف نے کہاہمارا مقصد صرف چین میں ایونٹ کا حصہ بننا نہیں، بلکہ ہم اسکولز اور گراس روٹ پروگرامز سے لے کر جونئیر اور سینئر سطح تک گرلز ہاکی کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔
اس سلسلے میں پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار گراس روٹ لیول کو فروغ دینے کے لیے اسکولوں کی رجسٹریشن کا انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت اب تک 706 اسکولوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن، صوبائی ایسوسی ایشنز، متعلقہ شعبہ جات، کوچز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی تاکہ نوجوان گرلز ہاکی ٹیلنٹ کی نشاندہی کر کے انہیں اعلی سطح پر مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔پی ایچ ایف کو امید ہے کہ پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم چین میں ہونے والے جونئیر ایشیا کپ میں قوم کی نمائندگی بہترین ڈسپلن، عزم اور وقار کے ساتھ کرے گی اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی بحالی کے لیے ایک بنیادی اور مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔








