اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (پی اے ای سی) کے وفاقی چیپٹر نے کامسٹیک سیکرٹریٹ میں اپنے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی جس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس تقریب میں سفارتکاروں، معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ممتاز ماہرین بالخصوص افریقی خطے سے تعلق رکھنے والے غیر …
پی اے ای سی وفاقی چیپٹر کی حلف برداری کی تقریب، پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (پی اے ای سی) کے وفاقی چیپٹر نے کامسٹیک سیکرٹریٹ میں اپنے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی جس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس تقریب میں سفارتکاروں، معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ممتاز ماہرین بالخصوص افریقی خطے سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی جو پاکستان–افریقہ تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ حلف برداری کی تقریب دیانتداری، باہمی تعاون اور اقتصادی سفارتکاری کے نئے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستان افریقہ اکنامک کونسل کے کردار کو پاکستان اور افریقی معیشتوں کے درمیان ایک مؤثر پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کاوشیں حکومتِ پاکستان کے برآمدات پر مبنی ترقی، منڈیوں میں تنوع اور تعاون کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔
انہوں نے افریقہ میں موجود تجارتی مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ سینئر وائس پریذیڈنٹ پی اے ای سی اسلام آباد ریجن ڈاکٹر عبدالباسط نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ بعد ازاں بانی چیئرمین پی اے ای سی ڈاکٹر شہباز علی ملک اور سیکرٹری جنرل پی اے ای سی شیخ راشد عالم نے بھی خطاب کیا اور پاکستان–افریقہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کونسل کے وژن اور آئندہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔
تقریب کا ایک اہم پہلو پاکستان اور افریقہ کے مابین روابط کو مزید گہرا کرنے کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان تھا۔ پی اے ای سی کی قیادت نے افریقی شہریوں کے لئے پاکستان میں 100 سکالرشپس اور 100 انٹرن شپس دینے کا اعلان کیا جس کا مقصد تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔ اس کے علاوہ ویزہ سہولتوں میں آسانی، کاروباری ادائیگیوں میں سہولت اور تجارت و سرمایہ کاری کے لئے عملی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی اعلان کیا گیا۔
مزید برآں افریقی شہریوں کے لئے راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور اُجالا سینٹر آف ایکسیلنس میں 30 فیصد رعایت دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ پی اے ای سی وفاقی چیپٹر کے نومنتخب عہدیداران سے حلف مہمانِ خصوصی نے لیا۔تقریب کا اختتام صدر پی اے ای سی وفاقی چیپٹر عبد الواجِد کی جانب سے اظہارِ تشکر پر ہوا جنہوں نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، سفارتکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی کارروائی سیکرٹری جنرل پی اے ای سی اسلام آباد چیپٹر محمد مرتضیٰ نور نے انجام دی اور اختتامی کلمات میں پاکستان اور افریقہ کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔









