راولپنڈی۔24مئی (اے پی پی):پی سی بی انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں مغل کلب نے ایم جے ایم کو باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ آرمی گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ایم جے ایم کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 22 اوورز میں 77 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ محمد اوصاف 24 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔
مغل کلب کی جانب سے مہران ممتاز نے 4 اور ارسلان رانا نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں مغل کلب نے مطلوبہ ہدف 8.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ فلک شیر 30 اور رافع ہاشمی 29 رنز بنا کر نمایاں رہے ، مہران ممتاز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔