کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو 2021 ء کے لئے موسٹ ویلیو ایبل کرکٹر اورٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز سے نوازا ہے، ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابراعظم اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حسن علی نے حاصل کیا۔
پی سی بی سے جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محمد رضوان نے سال 2021 ء کے لئے سال کے سب سے قیمتی کرکٹر اورٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز جیتے ہیں۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 455 رنز جبکہ 6 ون ڈیانٹرنیشنل میچز میں 134 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز بنائے۔ انہوں نے 29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز بنائے۔
محمد رضوان نے کہا ہے کہ کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے، مطمئن ہوں کہ 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا، کیلنڈر ایئر 2021 ان کے لیے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا ایک غیر معمولی سال تھا،سال کے آغاز میں ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سنچری سے بہت اعتماد ملا۔
سب سے متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ شاہین شاہ آفریدی کو دیا گیا جبکہ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئرمحمد وسیم جونیئر ،ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر بابر اعظم، ویمن کرکٹر آف دی ایئرنداڈار، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئرحسن علی، ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئرصاحبزادہ فرحان اور امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ آصف یعقوب کو دیا گیا۔ سال 2021 کی سب سے متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ شاہین شاہ آفریدی نے جیت لیا، فاسٹ بالر کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اس ایوارڈ کو جیتنے پر بہت خوش ہیں، ہمیشہ پاکستان کے لیے عمدہ پرفارمنس کی سوچ لے کر میدان میں اترتا ہوں، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا یہ بالنگ اسپیل ہمیشہ یادگار رہے گا،اس بالنگ سپیل میں کے ایل راہول کی وکٹ ان کی پسندیدہ بال تھی۔ اسی طرح محمد وسیم جونیئر کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔
محمد وسیم جونیئر نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں حوصلہ افزائی کرنے پر اپنے دوستوں اور اہلخانہ کا مشکور ہوں،ایچ بی ایل پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا شکر گزار رہوں گا،اب تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کو ہدف بنارکھا ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم نے جیت لیا ہے، انہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 405 رنز بنائے۔ بابراعظم نے کہا ہے کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے، ہمیشہ فینز کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں، گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 150 سے زائد رنز کی اننگز ان کی پسندیدہ اننگز تھی، کرکٹ میں اتار چڑھا آتے رہتے ہیں مگر وہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پی سی بی نے ندا ڈار کو ویمن کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا ہے، ندا ڈار نے 10 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 363 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 95 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں، ندا ڈار نے پاکستان ویمنز کپ میں 146 رنز اسکور کیے اور 14 وکٹیں حاصل کیں۔
نداڈار نے کہا ہے کہ یہ ایوارڈ جیتنا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے،پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس کے بدلے میں ایوارڈ ملنا حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے، یہ ایوارڈ اپنے مرحوم والد کے نام کرتی ہوں، جنہوں نے ہمیشہ انہیں اسپورٹ کیا۔ حسن علی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں،انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا باعثِ فخر ہے،راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 کا یادگار لمحہ تھا۔ صاحبزادہ فرحان ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے۔
انہوں نے پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائداعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر 1869 رنز بنائے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں فتح کے بعد نمیبیا کے ڈریسنگ روم میں جا کر اس کی حوصلہ افزائی کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ دیا گیاہے۔ پی سی بی کا امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ مسلسل دوسری مرتبہ آصف یعقوب نے جیتا ہے۔