پی سی بی نے پی ٹی وی اور اے آر وائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل جمعرات سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی

لاہور۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے پی ٹی وی اور اے آروائے کے کنسوریشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا ہے۔پاکستان میں بسنے والے کرکٹ شائقین اب ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کا ایڈیشن پی ٹی وی سپورٹس اور اے سپورٹس پر براہ راست ملاحظہ فرمائیں گے۔

دونوں فریقین نے لاہور میں واقع پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کیے۔اس کنسورشیم نے ٹی وی براڈکاسٹ رائٹس کے لیے سب سے زیادہ، 4350786786 روپے کی بولی لگا کر نشریاتی حقوق حاصل کیے، جو گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد کی بولی ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی معاہدے پر پی ٹی وی ، اے آروائے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ہماری قومی شناخت بن چکی ہے جو شائقین کرکٹ کو تیزی سے اپنی طرف راغب کررہی ہے۔ شائقین کرکٹ بھی لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرکے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے برانڈ کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کے شائقین میں بلکہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے، جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقین ِکرکٹ اس لیگ سے محظوظ ہوتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ مثالی ہے کیونکہ یہاں ہم نے ٹی وی رائٹس کے فروخت کے لیے بے مثال قیمت حاصل کی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کتنا بڑا برانڈ بن چکا ہے ۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔