پی سی بی کا سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان ، سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی ،ترجمان

85
پی سی بی کا سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان ، سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی ،ترجمان

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):پاکسکتان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )نے پاکستان ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیاہے، سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی دو میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونگے۔ ترجمان کے مطابق سیریز کا آغاز 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں ڈے اینڈنائٹ میچ سے ہوگا۔ 10 فروری کونیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوگا۔

ان دو میچوں کے بعد پاکستان 12 فروری کو جنوبی افریقہ سے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ڈے نائٹ میچ کھیلے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ فائنل جمعہ 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں جمعرات 6 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقہ کی تاریخی گرائونڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری اتوار کی صبح ہوگی۔

قذافی سٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہونے والے چار میچ تینوں ٹیموں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلئے بہترین موقع فراہم کریں گے جبکہ پی سی بی کے لیے اپنے نئے ڈیزائن کردہ سٹیڈیمز کو عالمی معیار کی نشریات کے ذریعے دنیا کے سامنے دکھانے کا بہترین موقع بھی ملے گا۔قذافی سٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے،

پورے سٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں نشریاتی معیار کو بڑھانے کے لیے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔ تماشائیوں کے لیے دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تکمیل کے قریب ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آئکونک سٹیڈیم تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک بے مثال تجربہ فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال ہے۔

نیشنل بینک سٹیڈیم میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر بھی شامل ہے۔ براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو ناظرین کو بہترین منظر پیش کریں گی۔ دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز کے علاوہ تماشائیوں کے آرام کو بڑھانے کے لیے 5000 نئی کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں۔