پی سی بی کا گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کو کرکٹر حنیف محمد کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

154
PCB
PCB

لاہور۔10اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے عظیم خدمات کے اعتراف پر گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو کرکٹر حنیف محمد کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ ٹورنامنٹ حنیف محمد ٹرافی کہلائے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق 2023-24 کے سیزن میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 10 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے لیجنڈز کی کھیل کے لیے شاندار خدمات کا احترام کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان عظیم کرکٹرز کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دراصل ان حقیقی کرکٹ لیجنڈ کو خراج عقیدت ہے جنہوں نے اپنے شاندار کھیل کے لیے اپنی خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں عموما اور پاکستان میں بالخصوص کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے عظیم کھلاڑیوں کو یاد رکھیں اور ایسے اقدامات کرتے رہیں کہ ان کی یاد زندہ رہے۔حنیف محمد کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا اس موقع پر کہنا ہے کہ وہ اور ان کی فیملی ذکا اشرف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے ان کے والد کی خدمات کو اعزاز بخشا ۔

شعیب محمد نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان ڈومیسٹک کرکٹرز حنیف محمد کے کریئر سے حوصلہ پائیں گے اور پاکستان کی خدمت کرنے کے قابل ہونگے۔یاد رہے کہ لٹل ماسٹر حنیف محمد پاکستان کرکٹ کے ابتدائی برسوں میں بیٹنگ کی بہترین مثال تھے، انہوں نے 55ٹیسٹ میچوں میں 12 سنچریوں اور 15ہ نصف سنچریوں کی مدد سے 43.98کی اوسط سے 3915رنز بنائے تھے۔حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958 کی سیریز کے برج ٹائون ٹیسٹ میں 970منٹ کی بیٹنگ میں 337رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی جو اب بھی ٹیسٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ حنیف محمد نے 11 ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی ،وہ 1969میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔حنیف محمد نے 238فرسٹ کلاس میچوں میں 55سنچریوں اور66نصف سنچریوں کی مدد سے 52.32کی اوسط سے17059رنز بنائے جس میں 499رنز کی تاریخی اننگز بھی شامل ہے جو اب بھی کسی پاکستان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے،اس ریکارڈ کو ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے ناٹ آئوٹ 501رنز بناکر توڑا تھا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ حنیف محمد ٹرافی ریجنل ٹیموں کیلئے قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے ٹورنامنٹ کے طور پر ہوگی اور جو بھی ٹیم حنیف محمد ٹرافی جیتے گی وہ ترقی پاکر قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی اور جو ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آئے گی وہ ریلیگیٹ ہوکر گریڈ ٹو ایونٹ میں چلی جائے گی۔