لاہور۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )نے مینز انڈر 19 کرکٹرز کے لئے ملک بھر میں ریجنل سکلز ڈویلپمنٹ کیمپوں کا اعلان کر دیا ہے جو 4 اگست سے شروع ہوں گے۔ 16 ریجنز کی تمام 18 ٹیموں کے الگ الگ کیمپ ہوں گے جن میں ہر کیمپ میں 20 کھلاڑی حصہ لیں گے۔
چار ہفتے طویل کیمپوں میں مہارت ، کھیل سے متعلق آگاہی اور کھیل کے تکنیکی پہلوئوں پر محنت کی جائے گی جبکہ اس سطح پر ایک معیاری فٹنس کلچر متعارف کرایا جائے گا۔اس سلسلے میں جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کی صدارت میں ریجنل کوچز کی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ کوچز کو ریڈبال اور وائٹ بال ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کے فلسفے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ریجنل انڈر 19 کی سطح پر کوچ مستقبل کے کرکٹرز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ انداز میں تیاری پر کام کریں گے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے اس موقع پر کہا کہ ریجنل انڈر 19 سکلز کیمپس کے آغاز سے قبل آج کی ورکشاپ میں ہم نے کوچز کو جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کے فلسفے کے مطابق انڈر 19 کھلاڑیوں کی تکنیکی پہلوئوں، حکمت عملی کی مہارت، فٹنس اور فیلڈنگ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انڈر 19 کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنا مناسب ہے تاکہ وہ مستقبل میں انتہائی مسابقتی کھلاڑی بن سکیں۔ پی سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق ریجنل انڈر 19 کیمپس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
ریجنل اکیڈمی کے مقامات میں کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر،این سی اے لاہور ، ہائی پرفارمنس سینٹرملتان،ڈیرہ مراد جمالی ہائی پرفارمنس سینٹر، فیصل آباد اکیڈمی، سیالکوٹ اکیڈمی،ایبٹ آباد سٹیڈیم، شمع گرائونڈپشاورشامل ہیں۔راولپنڈی،کوئٹہ،نیاز سٹیڈیم حیدرآباد،اسلام آباد، فاٹا اور جمرود کے سینٹرز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔