ملتان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے ،ملک بھر سے منتخب باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حصہ لے رہے ہیں۔
پی سی بی کے زیر اہتمام ملتان میں انڈر 19 کرکٹرزسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ جاری

مزید خبریں
ملتان۔ 11 جولائی (اے پی پی):ملتان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے ،ملک بھر سے منتخب باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حصہ لے رہے ہیں۔ سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے دوران تجربہ کار کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ، فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی مضبوطی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔ ہفتہ کے روز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے پریکٹس میچ میں حصہ لیا۔
پریکٹس میچ کے بعد ہیڈ کوچ شاہد انور نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور سکلز پر تفصیلی لیکچر دیا۔انہوں نے کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ، اے سی سی انڈر 19 مینز ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے تناظر میں قومی ٹیم کے مستقبل کے اہداف اور ویژن پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، سخت محنت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم میں اپنی جگہ یقینی بنا سکیں۔سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ رواں سال اگست کے آخری ہفتے تک جاری رہےگا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی،اس دورے میں قومی جونیئر ٹیم ایک چار روزہ ٹیسٹ اور چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی، جو کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے اور نکھارنے کا اہم موقع ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کی موجودہ چیمپئن ہے۔ قومی ٹیم نے گزشتہ اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اب ٹیم عالمی سطح پر مزید کامیابیوں کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔








