پی ٹی آئی رہنما کنول شوذب کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوذب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے منہ سے گورننس کی بات اچھی نہیں لگتی، یہ لوگ گزشتہ 40 سال کے دوران باریاں لیتے آئے ہیں اور عوام ان کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں، اتحاد بین المجرمین اے پی سی ہر دوسرے دن بلائی جاتی ہے اور یہ اگلے تین سال بھی ہوتی …

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوذب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے منہ سے گورننس کی بات اچھی نہیں لگتی، یہ لوگ گزشتہ 40 سال کے دوران باریاں لیتے آئے ہیں اور عوام ان کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں، اتحاد بین المجرمین اے پی سی ہر دوسرے دن بلائی جاتی ہے اور یہ اگلے تین سال بھی ہوتی رہے گی، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا اور چارٹر نہیں ہے، تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی جماعتوں کا نام بچانے کیلئے تحریک چلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کورونا وائرس بحران کے دوران غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کیلئے اربوں روپے دیئے گئے اور وہ کہتے ہیں کہ ہم نے 2 لاکھ لوگوں میں راشن تقسیم کیا ہے، سندھ کی آبادی 4 کروڑ سے زیادہ ہے اور یہ ابھی تک سپریم کورٹ کو راشن کی تقسیم کی تفصیلات نہیں دے سکے، پتہ نہیں راشن مریخ پر بانٹ کر آئے ہیں۔ کنول شوذب نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، صوبے کے ہسپتالوں، سکولوں اور سڑکوں کی حالت زار ان کی بدترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، جب بارش ہوتی ہے کہ تو بلاول بھٹو زرداری بھاگ کر لاہور آ جاتے ہیں کہ کہیں عوام ان پر دھاوا نہ بول دے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا اور چارٹر نہیں ہے، سب جماعتوں کے نظریات اور مقاصد مختلف ہیں یہ کبھی متحد نہیں ہو سکتے، ایک پنجاب میں مسلم لیگ ن بچاﺅ جبکہ پیپلزپارٹی پنجاب میں واپس آﺅ تحریک چلانا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی کا سندھ میں ناکام مارچ ہوا تھا، اب عوام ان کے دھوکے میں آنے والے نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی بلانے کی بات کرتی ہیں، کوئی بھی ڈیڑھ سال کے سیاست دان کو سنجیدہ نہیں لے رہا، اپوزیشن کے پاس کوئی بھی ایسا لیڈر نہیں جو انہیں لیڈ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، حکومت نے چینی اور گندم بحران کی رپورٹس عوام کے سامنے رکھی ہیں، آج تک کسی حکومت نے ایسی رپورٹس عوام کے سامنے نہیں لائیں، اپوزیشن جو مرضی کر لے، بدعنوان عناصر احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

مزید خبریں