پی ٹی آئی ریاست پر چڑھائی اور بغاوت میں ناکامی چھپانے کیلئے جھوٹے بیانیے بنا رہی ہے، ریاست کے صبر کو نہ آزمایا جائے، سینیٹر طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

125
Senator Talal Chaudhry
Talal Chaudhry

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد میں ریاست پر چڑھائی اور بغاوت میں ناکامی چھپانے کیلئے جھوٹے بیانیے بنا رہی ہے، کبھی لاشوں کا بیانیہ اور کبھی بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق جھوٹا بیانیہ بنایا جاتا ہے، جھوٹے بیانیے بنانے والوں کو اب ریاست کو جواب دینا پڑے گا، ہر چیز کی انتہا ہوتی ہے، ریاست کے صبر کو نہ آزمایا جائے، سرکاری وسائل خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت و تعلیم دینے کی بجائے جھوٹا بیانیہ بنانے اور وفاق پر چڑھائی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔ پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر پی ٹی آئی کی چڑھائی اور اپنی بزدلی اور ناکامی کے بعد لاشوں کا بیانیہ بنایا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسی گولیاں تھیں جو کسی رکن قومی یا صوبائی اسمبلی یا سینیٹر یا کسی اہم عہدیدار کو نہیں لگیں اور کہتے ہیں کہ جنہیں یہ گولیاں لگیں وہ جان سے گئے لیکن کوئی ایسا نہیں ملا جسے یہ گولیاں لگی ہوں، پی ٹی آئی والے جس کی تصویر لگاتے ہیں وہ یا اس کے اہلخانہ اگلے ہی روز تردید کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے بشری بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے شادی ہوئی ہے پوری پی ٹی آئی ان کے کرتوت اور کئے گئے کارناموں کی صفائیاں دینے میں مصروف ہیں، حکومت میں بزدار کو لگانا ہو یا پنکی اور فرح کا گٹھ جوڑ ، اس وقت بھی پی ٹی آئی والے ان کی صفائیاں دیتے تھے اور اب اپوزیشن میں بھی بشری بی بی کے کرتوتوں کی صفائیاں دیتے پھر رہے ہیں۔

سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ جن کارکنوں اور عام شہریوں کا نام لے کر کہا جاتا ہے کہ وہ شہید ہو گئے، وہ کبھی اسلام آباد ہی نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے بیانیے کی کوئی انتہا ہوتی ہے اور ریاست کے صبر کی بھی ایک انتہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز خوارج کے خلاف نبرد آزما ہیں اور سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو یہ توفیق نہیں کہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی میں ایک ٹویٹ ہی کر دیں یا ان کے ساتھ اظہار تعزیت کر لیں، کرم ایجنسی میں سینکڑوں لوگ مارے گئے، مجال ہے کہ ان کے کانوں پر کوئی جوں بھی رینگی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوارج کے خلاف لڑنے والے شہدا کی میتیں نظر نہیں آ رہیںِ۔

سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں ریاست کے خلاف بغاوت اور چڑھائی کرنے والوں کے ساتھ جو ہوا وہ ایک ٹریلر تھا اور اب پھر جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے آج تک کسی ایک شخص کا نام نہیں بتایا جسے گولیاں لگی ہوں یا انہوں نے کسی تھانے، ادارے یا عدالت میں کوئی درخواست نہیں دی کہ ان کا فلاں کارکن نہیں مل رہا، پی ٹی آئی کا کوئی رہنما ہسپتالوں یا تھانوں میں نہیں گیا جہاں داد رسی کی درخواست دی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے جھوٹے بیانیے پر کوئی کارروائی نہیں ہو گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، کے پی ہائوس اس وقت بھگوڑا ہائوس بنا ہوا ہے، ہر اشتہاری، فسادی اور بھگوڑا وہاں موجود ہے، دوسرے صوبوں میں نئے پراجیکٹ لگ رہے ہیں،

منصوبوں کے افتتاح ہو رہے ہیںِ، صرف ایک صوبہ ہے کہ جہاں عام آدمی زندگی بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ، صرف جھوٹے بیانیے بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنا رویہ درست کرنا ہو گا جو بھگوڑے اور اشتہاری ہیں انہیں پناہ دینے کی بجائے قانون کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا جب بھی کوئی بیانیہ پٹتا ہے ،ایک نیا بیانیہ سامنے آ جاتا ہے، اب کہا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کو بڑا خطرہ ہے، ان پر کوئی سپرے کر دیا گیا ہے جس سے ان کی دماغی حالت خراب ہو گئی ہے اور یہ بیانیہ بیرون ملک بیٹھ کر یا جیل سے سینکڑوں میل دور بیٹھ کر گھڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ پاکستان میں سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس سے اوپر ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اگر کوئی چیلنج درپیش ہے تو وہ دہشت گردی ہے، خیبرپختونخوا میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہو رہا جس کا خمیازہ پورا پاکستان بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جھوٹے بیانیہ سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور جو بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔