امریکا میں مسلم گروپ کی اذان پر اسرائیلی پابندی کی مذمت

واشنگٹن۔2دسمبر (اے پی پی):امریکا میں مسلمانوں کی سرکردہ تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے اسرائیل میں مساجد میں اذان پر پابندی کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام کے خلاف تازہ ترین اسرائیلی اقدام قرار دیا ۔ سی اے آئی آر کے نیشنل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نہال عواد نے کہا ہے کہ مساجد، گرجا گھروں، ثقافتی مقامات اور مذہبی کتب پر حملے فلسطینی ثقافت کو …

واشنگٹن۔2دسمبر (اے پی پی):امریکا میں مسلمانوں کی سرکردہ تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے اسرائیل میں مساجد میں اذان پر پابندی کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام کے خلاف تازہ ترین اسرائیلی اقدام قرار دیا ۔ سی اے آئی آر کے نیشنل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نہال عواد نے کہا ہے کہ مساجد، گرجا گھروں، ثقافتی مقامات اور مذہبی کتب پر حملے فلسطینی ثقافت کو مٹانے کی دہائیوں سے جاری اسرائیلی مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور عیسائیت کے خلاف جنگ چھیڑنا فلسطینی عوام کی نسل کشی کا ہمیشہ سے ایک بڑا حصہ رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی اسرائیل کی حمایت مذہبی آزادیوں کو دبانے کی وجہ ہے۔ انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ ان کا یہ تبصرہ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب سے پولیس کو اسرائیل میں مساجد میں اذان نشر کرنے پر پابندی کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔ سی اےآئی آر نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بائیڈن انتظامیہ غزہ کی نسل کشی کے اسرائیلی وزیر بین گویر کے مطالبے کی مذمت کرے۔

اسرائیلی وزیر بین گویر نے ایکس پر ایک وڈیو پوسٹ میں کہا کہ اسرائیلی وزیر کی ہدایات کے تحت پولیس کو مساجد میں داخل ہونے اور لاؤڈ سپیکر کا سامان استعمال میں ہونے کی صورت میں ضبط کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔اسرائیلی وزیر کے حکم کے مطابق اذان نشر کرنے والی مساجد پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔سی اے آئی آر کا مشن شہری حقوق کا تحفظ، اسلام کی تفہیم کو بڑھانا، انصاف کو فروغ دینا اور امریکی مسلمانوں کو بااختیار بنانا ہے۔