پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا خپلو میں عوامی اجتماع سے خطاب

خپلو ۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی حکومت نے مفت علاج کی سہولت کے پروگرام کا آغاز کیا، گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کا بہت اہم مقام ہے۔ …

خپلو ۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی حکومت نے مفت علاج کی سہولت کے پروگرام کا آغاز کیا، گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کا بہت اہم مقام ہے۔ پیر کو گلگت بلتستان میں خپلو کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، عوام کو سب یاد ہے کہ ملکی دولت کو کس نے لوٹا، لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی، کرپٹ عناصر نے گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں علاقے کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کا بہت اہم مقام ہے، ہماری حکومت نے گلگت میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے لئے اقدامات کئے ہیں، شاہراہ قراقرم کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی جا چکی ہے، شندور اور چترال شاہراہ بھی سی پیک کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ حکومت نے مفت علاج کی سہولت کے پروگرام کا آغاز کیا، گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے عناصر سمجھتے ہیں کہ عوام بھول گئی، عوام کو سب یاد ہے، لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی، جو دعویٰ کرتے تھے کہ ان کی کوئی جائیداد نہیں، ان کی ملک میں اربوں کی جائیدادیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے تعاون سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کی، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس بات پر فخر ہے کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایاک نعبدو وایاک نسعتین کی سدا بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے اور گلگت بلتستان کے عوام بھی 15 نومبر کو اپنی حقوق کی پاسبان تحریک انصاف کو ضرور کامیاب کریں گے۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ جلسے کے شرکاءنے نعروں کے ذریعے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے بھی عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔