پی ٹی آئی مذاکرات کے دوران اپنے مطالبات پیش نہ کر سکی، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل

127

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ساتھ جاری مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی کیونکہ گزشتہ روز کے اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی مطالبات پیش نہیں کر سکی۔ ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمہوریت کے فروغ کے لیے مذاکراتی عمل شروع کیا اور پی ٹی آئی کے ساتھ ابتدائی بات چیت کے دوران ان سے دو اہم نکات پر اتفاق کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات پیش کرنے تھے اور ان کی مذاکراتی ٹیم نے مزید رہنمائی کے لیے بانی سے مشاورت کرنی تھی۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ بانی سے مشاورت کے باوجود پی ٹی آئی کی ٹیم اپنے مطالبات کو حتمی شکل دینے یا پیش کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کو معاشی استحکام کی پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت پاکستان کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

حکومت کی معاشی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی سنگل ہندسوں تک گر گئی ہے جبکہ ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی اشارے قومی معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کے حوالہ سے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ رانا احسان افضل نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ حکومت کی توجہ معاشی استحکام اور قومی ترقی پر مرکوز ہے اور ملک کو ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔