پی ٹی آئی میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم میں کوئی اختلاف نہیں، فیصل واوڈا تحریک انصاف کا ستون ہیں، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

48

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم میں کوئی اختلافات نہیں، پارٹی کے پرانے اور مخلص لوگوں کو ٹکٹیں دی گئی ہیں، فیصل واوڈا تحریک انصاف کا ستون ہیں، تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں، 2006سے یہ بحث چل رہی ہے کہ سینیٹ انتخابات اوپن ہوں ، ابھی ہمارے پاس موقع ہے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور مل کر آئینی ترمیم کرتے ہیں۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی نابالغ سوچ نے اپوزیشن کو جتنا نقصان پہنچایا ہے پاکستانی سیاست میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، اس وقت اپوزیشن کی لیڈرشپ حیران و پریشان ہے کہ یہ کہاں آ گئے ہیں، ان کو ملکی سیاست کی تاریخ اور حقائق نہیں پتا، یہ لوگ خوش فہمیوں کے اوپر سیاست کر رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست بچگانہ ہے، جب سے نام نہاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بنی ہے، اپوزیشن رہنمائوں کے بیانات سن کر ہنسی آتی ہے، ان کی ساری حکمت عملی فلاپ ہو گئی، امید ہے کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں اسلئے وہ چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات اوپن ہوں، یہ بحث نئی نہیں ہے، 2006ءسے یہ بات ہو رہی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت میں طے کیا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن ہونے چاہییں، اس کے بعد نواز شریف 2015ءمیں قانون لائے کہ سینیٹ انتخابات اوپن ہوں، اب تحریک انصاف نے اقدام اٹھایا ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں ضد کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اصلاحات کا بل 29 اکتوبر سے پارلیمنٹ میں زیر التواءہے، اپوزیشن کو اس پر کم از کم بحث کرنی چاہیے تھی، بھارت میں 1974ءمیں اوپن بیلٹ پر بحث شروع ہوئی اور اس نے 2010ءمیں آئینی ترمیم کی، امریکہ نے سو سال بعد انتخابات براہ راست کئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اپوزیشن کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار کو پہچانیں، عوام اور ملک کے مفادات میں اصلاحات پر حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔