پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی نشان کے چھینے جانے کی سازش خود بنائی، بانی پی ٹی آئی سب سے رسیدیں مانگتے تھے، جب اپنے تحفوں کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو وہ جعلی نکلیں، احسن اقبال

90

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی نشان کے چھینے جانے کی سازش خود بنائی، بانی پی ٹی آئی سب سے رسیدیں مانگتے تھے، جب اپنے تحفوں کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو وہ جعلی نکلیں، برطانیہ نے 64 ارب روپے پاکستان کی ریاست کو لوٹایا، وہ پیسہ پاکستان کے خزانے میں آنا چاہیے تھا، ایک شخص نے فائدہ لینے کے لئے اپنے دوست کے اکائونٹ میں جمع کر دیا، پی ٹی آئی کے بانی لیڈر کو جیل میں فائیو سٹار سہولتیں مل رہی ہیں۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ جب یہ حکومت میں تھے تو ان کو الیکشن کمیشن نے بار ہا یاد دہانی کرائی کہ اپنے پارٹی انتخابات کرائیں ورنہ آپ کا انتخابی نشان چھن سکتا ہے، انہوں نے تین سال تک اپنے انتخابات نہیں کرائے، انہوں نے اپنے انتخابی نشان کے چھینے جانے کی سازش خود بنائی، 2017-18 میں فیصلہ ہوا تھا کہ مردم شماری کی جائے گی، انہوں نے مردم شماری نہیں کرائی، چار سال سے التواء میں پڑی مردم شماری کی وجہ سے انتخابی عمل متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی شرطیں لگوائیں، یہ کیسی معاشی ترقی کا دعوی تھا کہ پوری دنیا میں پاکستان کو اس حال میں چھوڑ جائیں کہ پاکستان کو سری لنکا بننے کا کہا جائے، آپ سی پیک کا منصوبہ تباہ کر کے چلے جائیں تو معیشت کی ایسی درستگی آپ کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 2018 میں ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تھا آپ اگر اس کو کم کر کے چلے جائیں تو یہ معیشت کی درستگی ہے؟ یہ کس منہ سے پی آئی اے کا نام لیتے ہیں، انہوں نے پاکستان کی شہری ہوابازی کی صنعت کو کئی ارب روپے کا نقصان پہنچایا، یہ پاکستان کے مجرم ہیں جن کی وجہ سے امریکہ، لندن اور یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگی، یہ نا اہل ہیں، یہ نا لائق ہیں، انہوں نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کا بیڑہ غرق کیا۔

انہوں نے کہا کہ حیران ہوں آج ان کو پی آئی اے کا درد جاگ گیا ہے، پی آئی اے کو تباہ کرنے کے الزام میں ان کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ کہتے ہیں کہ ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری نہیں آ رہی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ چین سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آ چکی ہے، سی فائیو کی صورت میں پاکستان کے بڑے نیوکلیئر پراجیکٹ پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا لیڈر ساری دنیا سے کہتا تھا کہ رسیدیں دکھائو، جب اپنے تحفوں کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو جعلی رسیدیں نکلیں، اگر جعلی رسیدوں کا جواب دیدیں تو آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا، مسئلہ القادر ٹرسٹ کا نہیں مسئلہ 190 ملین پائونڈ جو 64 ارب روپے بنتا ہے، کا ہے جو پاکستان کے خزانے میں آنا چاہیے تھا مگر پاکستان کے خزانے میں نہیں بلکہ عمران خان کے دوست کے جرمانے کے اکائونٹ میں چلا گیا، کس نے پاکستان کے خزانے میں نہیں آنے دیا؟،

اگر آپ پاکستان کے غریبوں کا پیسہ کھائو گے اور پھر القادر یونیورسٹی کے پیچھے چھپو گے تو یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی شخص چوری کرے اور کہے کہ میں نے چوری کے پیسے سے مسجدبنا دی ہے اب میرے خلاف مقدمہ ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اسلامی ٹچ نہیں چلے گا، کیس بہت سادہ ہے، برطانیہ نے 64 ارب روپے پاکستان کی ریاست کو لوٹایا، پاکستان کے خزانے میں وہ پیسہ آنا چاہیے تھا، ایک شخص نے فائدہ لینے کے لئے اپنے دوست کے اکائونٹ میں جمع کر دیا، کسی بھی جمہوری ملک کا صدر یا وزیراعظم ایسی واردات کرے گا تو اس کو جیل میں جانا پڑے گا، ان کو 64 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بانی لیڈر کو جیل میں فائیو سٹار سہولتیں مل رہی ہیں۔ قبل ازیں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 14 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف سے اس کا انتخابی نشان چھینا گیا، بانی پی ٹی آئی پر سینکڑوں مقدمات درج کئے گئے، ہماری جماعت آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے۔