پی ٹی آئی کے اکاونٹس میں تمام رقوم قانون کے مطابق آئیں ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چیلنج ہے کہ وہ اندرون ملک پارٹی کو فنڈ دینے والے 4لوگوں کا ریکارڈ پیش کر دے، شاہد خاقان عباسی قوم کو گمراہ کرنے سے گریز کریں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

142
عدالت عظمیٰ کو بلاول کے فلور آف دی ہائوس پر بیان کا نوٹس لینا چاہیئے ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اکائونٹس میں تمام رقوم قانون کے مطابق آئی ہیں، ایسا کہیں ثابت نہیں ہوا کہ ہم نے کسی ملٹی نیشنل کمپنی یا ملکی مفاد کے خلاف چلنے والے ادارے سے کوئی فنڈز لئے ہوں،ہمارے پاس اندرون ملک سے جمع ہونے والے 83کروڑ کا بھی ریکارڈ موجود ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چیلنج ہے کہ وہ اندرون ملک پارٹی کو فنڈ دینے والے 4لوگوں کا ریکارڈ پیش کر دے، شاہد خاقان عباسی قوم کو گمراہ کرنے سے گریز کریں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی یو ایس ایس اے اور یوکے میں لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہیں، فضل الرحمان بھی تگڑے ہوجائیں لیبیا اور دیگر ممالک سے لی گئی فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا،اکبر ایس بابر کے الزامات کو سکروٹنی کمیٹی نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے،ن لیگ کی ساری زندگی ڈیلوں پر رہی، کوئی نائیٹ اور کوئی آفٹر نون ڈیل ڈھونڈ رہے ہیں،جنرل جیلانی کی گود سے سیاست کا آغاز کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں سکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ فریقین کے حوالے کی،اس رپورٹ پر وہ لوگ بات کررہے ہیں جن کے اپنے پارٹی اکائونٹس کا پتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اکائونٹس میں 35کروڑ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے2013 میں 9 اکاونٹس، 2014 میں 11اکاونٹس اور 2015 میں 10اکاونٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔ن لیگ نے 9اکائونٹس کو الیکشن کمیشن سے چھپایا، ان کے اکاونٹس کے اندر 62کروڑ کی رقم آتی ہے،ان میں سے 45کروڑ کے عطیات کا ریکارڈ ہی نہیں ہے۔جب ان سے استفسار کیاگیا تو کہتے ہیں کہ میاں صاحب کو چلتے چلتے کسی نے پانچ کروڑ دیئے،گوجرانوالہ کے ایک شخص نے ایک کروڑ دیا جو کہ اللہ کو پیارا ہوگیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایچ بی ایل سینٹرل، اے بی ایل سینٹرل، پانچ صوبائی اکاونٹس چھپائے ہوئے ہیں،ان اکاونٹس کی بینک سٹیٹمنٹ آج تک الیکشن کمیشن کے سامنے جمع نہیں کرائی،پی ٹی آئی کے فارن فنڈز پر بات کرنے سے پہلے اپنے اکاونٹس کا حساب دیں،بے نظیر بھٹو نے کہا کہ اسامہ بن لادن سے نواز شریف نے میری حکومت گرانے کے لئے پیسے لئے۔ انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر پی ایم ایل این کے ایزی لوڈ پر ہیں، ن لیگ کی انگریزی کمزور ہے رپورٹ پڑھے بغیر ہی تبصرے کرتے ہیں،پانامہ جے آئی ٹی پر بھی مٹھائی کھا لی بعد میں کچھ اورنکلا۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ یو ایس اے کے اندر پی ایم ایل این لمیٹڈ کمپنی کے طور پررجسٹرڈ ہے جس کی رجسٹریشن نبمر 6521، پی ایم ایل این یوکے میں لمیٹڈ کمپنی ہے جس کا رجسٹریشن نمبر 9781563ہے،ان کی لمیٹیڈ کمپنی،انڈے،تولیے اور دیگر اشیاء فروخت کرسکتی ہے ،پیپلز پارٹی بھی یوکے میں کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، مارک سیگل کو بھی لابنگ کے لئے رکھا گیا ہے،زرداری کمپنی کے سربراہ ہیں۔

ن لیگ والوں کے علم میں اضافے کے لئے بتاتا چلوں کہ نائن الیون کے بعد امریکہ نے قانون سخت کیا تھا، اگر 30ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھجوانی ہے تو وہاں رجسٹرڈ ہونا پڑتا ہے،پاکستان تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ پولیٹیکل فنڈ ریزنگ شروع کی ہے، انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ صفحہ 78 میں اکبر ایس بابر نے ایک رپورٹ جمع کرائی جس کے اوپر آڈٹ رپورٹ کا کہا گیا ہے اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے صفحہ 81 کے آخری پیرا میں لکھا ہے کہ درخواست گذار مصدقہ چیزیں فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے، احسن ایس احسن رپورٹ بھی نہیں مانی گئی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 31کروڑکی جس رقم کاتذکرہ کیا جاتا ہے اس کی وضاحت ہے کہ دو مرتبہ انٹری ہوئی ہے،پی ٹی آئی کے کچھ اکاونٹس ایسے ہیں جس میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی اور بیلنس بھی صفر ہے،پی ٹی آئی نے 83کروڑاندورن ملک سے فنڈز جمع کیے، ہمارے پاس اسکا بھی ریکارڈ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چیلنج ہے کہ وہ اندرون ملک فنڈز دینے والے چار لوگوں کا ریکارڈ نہیں دے سکتے، عمران خان دلیر لیڈر، پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پانامہ کی طرح نہیں کہا کہ ججز ہمارے خلاف ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم فارن فنڈنگ کیس میں بھرپور دفاع کریگی اور حقائق پیش کریگی،پی ٹی آئی کے تمام فنڈز قانون کے مطابق پاکستان آئے ہیں،ہمارے چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی ٹاپ ٹین ریٹنگ ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی میدان میں آئے اور سکروٹنی کمیٹی کے سامنے اپنے اکاونٹس کی تفصیلات پیش کرے اور ان سے فیصلہ لیں،الیکشن کمیش سے استدعا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاونٹس کی رپوٹس سکروٹنی کمیٹی مکمل کر کے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے مان لیا کہ انہوں نے خود،زرداری اور نواز شریف نے کرپشن کی ہے، ا ب فضل الرحمان تگڑے ہوجائیں لیبیا سے جو فنڈنگ لی ہے اس کا بھی جواب دینا پڑے گا۔